رائے بریلی، 4؍جنوری (آئی این ایس انڈیا) اتر پردیش میں غنڈوں کے حوصلے اتنے بڑھ گئے ہیں کہ انہیں نہ تو حکومت سے خوف آتا ہے اور نہ ہی پولیس انتظامیہ سے۔
رات کے اندھیرے میں ایک مکان میں تالا لگا کر آگ لگا دی گئی۔ لوگوں کی چیخ و پکار اور گھر کے اندر تالا دیکھ کر دیہاتیوں نے کسی طرح متاثرین کو باہر نکال لیا۔ معاملہ رائے بریلی کے علاقہ سیلون تھانہ کے اتا پور رتاس کا ہے۔ سیلون تھانہ علاقہ کے اتا پور رتاسن گاؤں میں نامعلوم افراد نے دیو پرکاش پٹیل کے گھر کو باہر سے آگ لگا دی۔ گھر کے اندر دیو پرکاش پٹیل اپنے دو بیٹوں اور ایک بیٹی کے ساتھ سو رہے تھے۔ آگ محسوس ہونے کے بعد دیو پرکاش نے دروازہ کھول کر باہر نکلنے کی کوشش کی لیکن باہر سے تالا لگنے کی وجہ سے کنبہ گھر کے اندر قید رہا۔ آگ دیکھ کر دیو پرکاش اور اس کے بچوں نے چیخ ماری۔ چیخ و پکار سن کر اورآگ کے شعلوں کو دیکھ کر دیہاتی موقع پر پہنچے اور تالا توڑ دیا اور دیو پرکاش کو بچوں سمیت گھر سے باہر لے جایا گیا۔
دیو پرکاش پٹیل نے مبینہ طورپر3 ماہ قبل مذہب اسلام چھوڑکر ہندو مذہب اختیارکرلیاتھا۔ دیو پرکاش کا پرانا نام انور تھا۔ انور کے مذہب تبدیل کرنے کی وجہ سے اس کی برادری کے لوگ ہی اس سے ناراض چل رہے تھے۔ دیو پرکاش کے مطابق اکبر سمیت بہت سے لوگوں نے اسے دھمکی بھی دی تھی۔